کوچ مکی آرتھر کے مطابق پی ایس ایل میں سامنے آنے والا ٹیلینٹ ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنا سکتا ہے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اِس مرتبہ پاکستان سُپر لیگ میں کراچی کنگز کی ہیڈ کوچنگ کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔ دبئی پہنچ کرپریس کانفرنس میں اُنھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں ہر ایک کے ٹیلنٹ کو باریکی سے چک کیا جائے گا۔ تا کہ ورلڈ کپ کے لیے گوہرِ نایاب تلاش کیے جاسکیں۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے اِس بات کو واضح کیا کہ تمام کھلاڑیوں کے لیے خود کو ثابت کرنے کا یہ ایک سنہری موقع ہے۔ یہاں سے جو ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ورلڈ کپ کے لئے اُس کو سلیکٹ کر لیا جائے گا۔ اِس لئیے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت بھی کی جاچکی ہے کہ وہ اِس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے آپ کو ثابت کریں۔ تاکہ ہم آنے والے ورلڈ کپ میں ایک مضبوط ٹیم کے ساتھ میدان میں اُتر سکیں۔
کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں تمام ٹیمیں زبردست کمبینیشن کے ساتھ منسلک ہیں۔ جس کے باعث بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔کھیل کا آغاز 14 فروری سے دوبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کی ٹیموں سے ہوگا۔ ایک سوال کے جواب پراُنہوں نے اپنی دلی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی دلی خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے درمیان ہی ہو ۔