پاکستان سپرلیگ کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاورزلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی. کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نےٹاس جیت کر پشاورزلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی.
پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز سکور کیے۔ صہیب مقصود 26 جبکہ کامران اکمل اور مصباح الحق نے 49 49 رنزبناکرنمایاں بلے باز رہے. کامران اکمل نے اوپننگ بلے بازی کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مصباح الحق نے بھی 32 گیندوں کا سامنا کر کے 49 رنز بنائے ۔
155 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتی کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جب کہ شین واٹسن نے بھی مایوس کیا شین واٹسن نے پندرہ گیندوں کا سامنا کیا اور محض 19 رنز ہی بنا سکے۔
لیکن پھر سرفراز احمد اور عمراکمل کے درمیان بہترین پارٹنرشپ کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم میچ جیتنے کے لئے مضبوط امیدوار دکھائی دینے لگی۔ سرفرازاحمد 29 گیندوں پر 33 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ جبکہ عمر اکمل نے آخری لمحات میں ڈیوائن سمتھ کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جیت میں کلیدی کردارادا کیا۔
20 ویں اوورکی چوتھی گیند پرعمراکمل نے شاندارچھکا لگا کرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو پاکستان سپرلیگ کے تیسرے میچ میں کامیابی سے ہمکنارکرایا۔ عمراکمل نے 50 گیندیں کھیل کر70 رنز کی شانداراننگز کھیلی۔
عمراکمل کو 70 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پرمین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پاکستان سپرلیگ فور کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو اسلام آبادیونائیٹڈ پہلے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر دوسرے نمبر پرجبکہ کراچی کینگز تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔