چیئرمین پی سی بی کا تنقید کرنے والوں کے لیئے پیغام ۔۔۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سخت مایوسی کا اظہار کیا کہ آئے دن قومی ٹیم کو لے کر سوشل میڈیا میں کوئی نہ کوئی غیر اخلاقی خبر سننے کو ملتی ہے جس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ اِس تذبذُب کا شکار ہو چکے ہیں کہ قومی ٹیم سیاست کا شکار ہے اور ٹیم میں سیاست ہو رہی ہے۔ حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک فیملی کی طرح رہتے ہیں اور تمام معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپُور تعاون بھی کرتے ہیں۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ہی ورلڈکپ 2019 تک تینوں فارمیٹ کے کپتان رہیں گے۔ تمام کھلاڑی اس رائے سے متفق ہیں جبکہ میں خود بھی ذاتی طور پر کپتانی کے معاملے میں سرفراز کو سپورٹ کر رہا ہوں کیونکہ سرفراز میں ایک بہتر لیڈر ہونے کی کوالٹیز موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ میں سرفراز احمد کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اُس کے باعث اُنہیں آرام کرنے کا موقع بھی ملا ہے اور اَب جبکہ اُنہیں اپنی غلطی کا احساس بھی ہوچکا ہے تو بار بار اِس بات کو مزید گھسیٹنا کوئی عقل مندی نہیں ہے۔ لہذا تمام عہدے داروں کی متفق رائے کے مطابق سرفراز ہی ورلڈکپ2019 تک کپتان رہیں گے ورلڈکپ کے بعد اُن سے رائے لی جائے گی کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
مجھے اُمید ہے کہ اِس بار قومی ٹیم ولڈکپ 2019 اپنے نام کرے گی میڈیا اور دوسرے تمام لوگوں کو بھی چاہیے کہ غلط فہمیوں کا شکار ہونے کے بجائے سب مل کر قومی ٹیم کو سپورٹ کریں۔