شارجہ میں ہونے والے پی ایس ایل کے 15ہویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی.مخالف ٹیم کی جانب سے ملنے والے 187 رنز کے ہدف کو کراچی کنگز نے محض 18.4 اوورز میں ہی حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور حسن علی نے اننگز کا آغاز کیا۔ حسن علی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 7 رنز بناکر عامریامین کا شکار بنے۔ حسن علی کے بعد شین واٹسن اور روسوو نے 47 رنز کی شراکت قائم کی تو شین واٹسن بھی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شین واٹسن کی وکٹ عمرخان نے حاصل کی ۔
تیسری وکٹ کیلئے عمر اکمل اور رائلی روسوو نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ جس کے بعد عامریامین نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسوو کو بھی پویلین کا راستہ دکھا دیا۔روسوو 44 رنز سکور کر سکے۔ اس کے بعد سمیتھ اور عمر اکمل نے ٹیم کا سکور مزید آگے بڑھاتے ہوئے 32 رنز کا اضافہ کیا۔ عمر اکمل نے اِسی دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، اور پھر عامریامین نے اپنی تیسری وکٹ پر انہیں بھی اپنا شکار بنا لیا۔ سمیتھ محض 9 رنز سکور کر سکے۔ جبکہ انور علی نے 4 چھکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر ٹیم کا مجموعی سکور 186 پر پہنچایا۔ اور مخالف ٹیم کو 187 رنز کا ہدف دیا ۔
کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے تاقب میں بابر اعظم اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ تو کراچی کنگز کی جانب سے آغاز کچھ اچھا نہیں رہا۔ بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ کولن منرو محض 3 رن بنا سکے۔ اِس کے بعد لیونگ سٹون نے 18 جبکہ ضیاء 19 رنز سکور کر سکے۔ کولن انگرام کی ناقابل شکست بلے بازی نے ٹیم کو فتح دلائی اور 59 گیندوں پر 12 چوکے اور8 چھکے لگاکر 127 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگرام پاکستان سپر لیگ میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے غیر ملکی بلے باز بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی طرف سے سہیل تنویر نے 2 وکٹیں جبکہ محمد نواز اور فواد احمد ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے ۔
کراچی کنگز کی طرف سے عامریامین نے 3 جبکہ عمر خان اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔